Search

Ads

Wednesday, April 9, 2014

Some Beautiful words about Searat-e-Nabi (PBUH)


السَّلام علیکم و رحمۃالہہ و برا کاتُہہ !
سیرتِ مُصطفٰی صلَّی اللہ علیہ و سلَّم !
سیرتِ مصطفٰی صلَّی اللہ علیہ و سلّم سے کچھ انتہائی خوشبودار پھول آپکی خدمتِ اقدس میں پیش کرنیکی سعادت حاسل کرنے اللہ عزّا و جلّ کے کامل بھروسے کے ساتھ کوشش کرنے کا ارادہ کیا ہے ، اللہ کریم کامیابی سے یہ سفرِ دلکش جاری و ساری رکھنے کی تو فیق عطا فرمائیں، آپ ہی سارے اسلامی بھائی بہنوں کے ساتھ اس محفلِ پاک کو سجانے کا ارادہ ہے، اُمّید ضرور حوصلہ افزائی فرمائیں گے، نہ صرف کہ ساتھ نبھائیں گے بلکہ بلکہ ہر طرح سے حوصلہ افزائی بھی فرمائیں گے انشاء اللہ عزّ ا و جلّ !
اللہ کریم آپ سبکی خیر فرمائیں اور آپ سب کے صدقے میں مجھ گنہگار کو بھی اپنے جُود و کرم میں لے لے ۔ آمین !
پیشِ لفظ
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّابَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اللہ عزوجل اپنے بندوں کی ہدایت اوررہنمائی کے لیے وقتاًفوقتاً اپنے مقدس انبیاء علیہم السلام کو مبعوث فرماتا رہا اور سب سے آخر میں اس نے اپنے پیارے محبوب صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا جو عرب وعجم میں بے مثل اور اصل ونسل، حسب ونسب میں سب سے زیادہ پاکیزہ ہیں، عقل وفراست ودانائی اور بردباری میں فزوں تر، علم و بصیرت میں سب سے برتر، یقینِ محکم اور عزمِ راسخ میں سب سے قوی تر، رحم وکرم میں سب سے زیادہ رحیم وشفیق ہیں۔ اللہ عزوجل نے ان کے روح وجسم کو مصفّٰی اور عیب ونقص سے ان کو منزہ رکھا، ایسی حکمت ودانائی سے ان کو نوازا کہ جس نے اندھی آنکھوں ، غافل دلوں اور بہرے کانوں کو کھول دیاالغرض آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کوایسے فضائل ومحاسن اور مناقب کے ساتھ مخصوص کیا ہے جس کا احاطہ ممکن نہیں۔
ان میں بعض اوصاف وہ ہیں کہ جن کی تصریح اللہ عزوجل نے اپنی کتاب قرآن مجید فرقان حمید میں فرمادی کہ آپ کو اپنی مخلوق میں علی وجہ الکمال جاہ وجلال کے ساتھ ظاہر فرمایا اور محاسن ِجمیلہ، اخلاقِ حمیدہ، مناصب ِکریمہ، فضائل ِحمیدہ سے ممتاز فرمایا، آپ کے مراتب عالیہ پر لوگوں کو خبردار کیا اور انہیں آپ کے اخلاق وآداب کی تعلیم دی اور بندوں کو ان پر اعتصام والتزام کے وجوب کی تلقین کی اور آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت اور پیروی کا حکم دیا ،ارشاد فرمایا:
لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیۡ رَسُوۡلِ اللہِ اُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ
صدر الافاضل سید محمد نعیم الدین مراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الہادی اس آیتِ مبارکہ کے تحت فرماتے ہیں:ان کا اچھی طرح اتباع کرواور دین الٰہی کی مدد کرو اور رسول کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ نہ چھوڑو اور رسول کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی سنتوں پر چلو یہ بہتر ہے۔(خزائن العرفان)
حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے ، رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی اس وقت تک (کامل) مومن نہیں ہوسکتاجب تک کہ اس کی خواہش میرے لائے ہوئے کے تابع نہ ہوجائے۔
(مشکاۃ المصابیح، کتاب الایمان، باب الاعتصام...الخ، ج۱، ص۵۴، الحدیث:۱۶۷)
اورایک حدیث میں ارشاد ہے، جس نے میری سنت سے محبت کی اس نے مجھ سے محبت کی اور جس نے مجھ سے محبت کی وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔
(مشکاۃ المصابیح، کتاب الایمان، باب الاعتصام...الخ، ج۱، ص۵۵، الحدیث:۱۷۵)
ان احادیث سے واضح ہوا کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی سنتوں کی پیروی ایمان کے کامل ہونے اور جنت میں آپ کا قرب پانے کا ذریعہ ہے اور ہر مسلمان یہ خواہش کریگا کہ وہ ان نعمتوں سے سرفراز ہولہٰذااسے چاہیے کہ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے اقوال، افعال، حالات اور سیرت طیبہ کا بغور مطالعہ کرکے اپنی زندگی آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ سلم کی اطاعت اور آپ کی سنتوں پر عمل کرتے ہوئے گزارے۔
سیرت طیبہ پر ہر زمانہ کے علماء نے اپنے اپنے ذوق اور ماحول کی ضروریات کے مطابق کا م کیا لیکن یہ وہ بحرناپیداکنار ہے جس میں ہر ایک کوبساط بھر غواصی کے باوجود اپنے عجز کا اعتراف رہا، ہنوز یہ سلسلہ مبارکہ جاری ہے عربی زبان کے علاوہ اردو زبان میں بھی اس موضوع پر کئی کتب تصنیف کی جاچکی ہیں۔زیر نظر کتاب ''سیرت مصطفی'' رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی پاکیزہ زندگی کی اگرچہ ایک مختصر جھلک پیش کرتی ہے، تاہم اس کتاب میں حیاتِ رسول صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے مختلف پہلوؤں کو نہایت خوبصورتی سے جامع انداز میں پیش کیا گیا ہے جن کا مطالعہ ہر مسلمان کے لیے نہایت مفید ہے۔
'' دعوتِ اسلامی'' کی مجلس ''المدینۃ العلمیۃ''اس مدنی گلدستے کو دورِ جدید کے تقاضوں کومدنظر رکھتے ہوئے پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہی ہے، جس میں مدنی علماکرام دام فیوضہم نے درج ذیل کام کرنے کی کوشش کی ہے
*کتاب کی نئی کمپوزنگ ،جس میں رموزِ اوقاف کا بھی خیال رکھنے کی کوشش کی گئی ہے
*احتیاط کے ساتھ مکرر پروف ریڈنگ تاکہ اغلاط کا امکان کم ہو*دیگر نسخوں سے تقابل اور حوالہ جات کی حتی المقدور تخریج زعربی عبارات اور آیاتِ قرآنیہ کے متن کی تطبیق و تصحیح * اورآخر میں مآخذ ومراجع کی فہرست مصنفین ومؤلفین کے ناموں، ان کے سن وفات اورمطابع کے ساتھ ذکر کردی گئی ہے۔
اس کتاب کوحتی المقدور احسن انداز میں پیش کرنے میں علمائے کرام نے جو محنت وکوشش کی اللہ عزوجل اسے قبول فرمائے ، انہیں بہترین جزادے اوران کے علم وعمل میں برکتیں عطافرمائے اور دعوتِ اسلامی کی مجلس ''المدینۃ العلمیۃ '' اوردیگر مجالس کو دن گیارھویں رات بارھویں ترقی عطافرمائے۔
آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
شعبہ تخریج مجلس المدینۃ العلمیۃ (دعوتِ اسلامی)